میرپور خاص، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں میں جھگڑا اور فائرنگ

172

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) نیو بس ٹرمینل پر مسافر کو گاڑی میں بٹھانے کے لیے آنے والے موٹر سائیکل پر سوار تین افراد اور گاڑیوں کے درمیان موٹر سائیکل کھڑی کرنے پر تلخ کلامی، ہاتھا پائی اور فائرنگ، مقامی افراد نے موٹر سائیکل سوار دو افراد کو پولیس کے حوالے کردیا۔ اولڈ میرپور تھانے کی حدود میں واقع نیو بس ٹرمینل پر شادی پلی کے رہائشی اسامہ بھٹی، قدیر بھٹی اور فیاض ظفر ایک موٹر سائیکل پر سوار ہوکر نیو بس ٹرمینل پہنچے اور اپنی موٹر سائیکل کو کراچی جانے والی ڈوم وین کے سامنے کھڑا کردیا، منع کرنے پر گالم گلوچ اور ہاتھا پائی ہوگئی اور دوسرے ٹرانسپورٹر نے ان کو پکڑ لیا، جس پر اسامہ بھٹی نے پستول نکال کر ہوائی فائر کردیے جس کی وجہ سے نیو بس ٹرمینل میں مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور مسافروں نے خاص طور پر خواتین اور بچوں نے دکانوں اور ہوٹلوں میں پناہ لی۔ اس موقع پر اولڈ میرپور پولیس نے پہنچ کر اسامہ بھٹی اور قدیر بھٹی کو گرفتار کرلیا جبکہ فیاض ظفر موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے گرفتار افراد سے ایک پستول، دو میگزین اور 10 رائونڈ زندہ اور 4 خول برآمد کرکے ملزمان کو لاک اپ کردیا، تاہم اولڈ پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوا۔