پیپلز پارٹی نے لوگوں کو روزگار فراہم کیا، سردار جاگن بھیو

172

شکارپور (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی کے رہنما سردار جاگن خان بھیو کے اعزاز میں مدرسہ غوثیہ جیلانیہ شکارپور میں انجمن طلبہ اسلام کے فضل اللہ نورانی کی جانب سے چائے پارٹی دی گئی۔ اس موقع پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے سردار جاگن خان بھیو نے کہا کہ پی پی نے لوگوں کو روزگار فراہم کیا، آج سندھ میں جو بھی ترقیاتی کام یا جن لوگوں کو نوکریاں ملی ہیں اور اپنے روزگار سے وابستہ ہیں وہ پی پی کی بدولت ہوا ہے، کیونکہ پی پی عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ نوجوان قیادت بلاول زرداری اس جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں کہ جمہوریت کو عوامی سطح پر لایا جائے۔ اس سلسلے میں جو بھی اقدامات اٹھانے پڑے اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کسی نئے صوبے کی گنجائش نہیں ہے، کیونکہ ایسی باتیں نہ تو عوام قبول کرتی ہیں اور نہ ہی گنجائش ہے۔ سندھ ایک تاریخ ہے، اس پر لوگ جذباتی ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی مدد آپ کے تحت کوشش کررہا ہوں کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں، خاص طور پر غریب خاندانوں کے بچے ہنر سیکھیں تاکہ وہ اپنا روزگار کما سکیں، میں نے 10 دکانیں بنوائی ہیں اور وہ دکانیں اس شرائط پر دی ہیں کہ ہر ایک دکاندار دو تین نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے اور جو ٹیکنیکل دکان کھولی ہیں جیسا کہ درزی، الیکٹرانک، میکینک، ڈاکٹر ہر ایک اپنی دکان پر دو تین نوجوانوں کو ہنر سکھائیں اس طرح پیر زبیر کے مقام پر اپنی مدد آپ کے تحت اسکول تعمیر کروایا ہے تاکہ وہاں کے مکینوں کے بچوں کو تعلیم کا موقعہ میسر آئے لیکن لوگ یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے کوئی کام سیکھیں تاکہ روزگار کما کر اپنے خاندان کا ہاتھ بٹائیں۔