گیس بندش سے چوڑیوں کی صنعت بند ہونے کا اندیشہ ہے،دولت لوہانہ

133

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ اور سب کمیٹی سوئی سدرن گیس کے کنوینر سکندر علی راجپوت نے کہا ہے کہ سوئی سدرن گیس کی منظور شدہ پریشر سے انتہائی کم پریشر فراہم کرنے کی وجہ سے گلاس بینگل انڈسٹری کے بند ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ اُنہوں نے
کہا کہ سائٹ ایریا میں قائم گلاس بینگلز انڈسٹری کے لیے 8 پونڈکے بجائے2 سے اڑھائی پونڈ پریشر گیس مہیا کی جارہی ہے جس کی وجہ سے انڈسٹری کی فیکٹریاں بند ہونے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روزریجنل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی عبدالرشید لغاری سے کنوینر سب کمیٹی کی سربراہی میں گلاس بینگلز انڈسٹری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی تھی ۔ اس موقع پر انہوں نے فوری منظور شدہ گیس فراہم کرنے کا حکم دیا تھالیکن پریشر بحالی کے بعد دوبارہ گیس پریشر اڑھائی پونڈ فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ چوریوںکی صنعت پورے ملک کی طلب پوری کرتی ہے ، صنعتیں بند ہونے سے بیروزگاری میں اضافہ ہوگا، اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ صنعت دشمن اقدام کا نوٹس لیا جائے۔