چوبیس ممالک کے سفیروں ، دفاعی اتاشیوں کا ایل او سی کا دورہ

160

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) 24 ممالک کے دفاعی اتاشیوں، سفیر اور سفارتکاروں کے وفد نے ایل او سی کا دورہ کیا جہاں انہیں بھارتی فورسز کی خلاف ورزیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق 24 ممالک کے سفرا، سفارتکار اور دفاعی اتاشیوں نے ایل او سی کا دورہ کیا جہاں انہیں ترجمان پاک فوج ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 31، 30 جولائی کو نیلم ویلی میں کلسٹر ایمونیشن کا استعمال کیا، آرٹلری کے ذریعے کلسٹر ایمونیشن پھینکا گیا اور شہریوں کو ٹارگٹ کیا گیا، بھارت جان بوجھ کر شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بناتا ہے۔بریفنگ کے دوران ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق کلسٹر ایمونیشن کا استعمال ممنوع ہے، بھارتی فوج بچوں اور معصوم شہریوں پر کلسٹر بم استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سال رواں میں بھارت نے 2333 بار ایل او سی کی خلاف ورزیاں کیں جس میں 18 شہری شہید اور 185 زخمی ہوئے، بھارتی فوج جان بوجھ کر ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بناتی ہے جبکہ پاک فوج صرف بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناتی ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے جبکہ کشمیر کی صورتحال کے باعث پورا خطہ خطرات سے دو چار ہے، مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نکالا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزی اقلیتوں پر ظلم سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں جب کہ عالمی تنظیمیں خاص طور پر یو این ایچ آر نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو بے نقاب کیا۔ایل او سی کا دورہ کرنے والے وفد میں آذربائیجان، بوسنیا، یورپی یونین، پرتگال، سعودی عرب، جنوبی افریقا، ترکی، فلسطین، یونان، آسٹریلیا، ایران، کرغزستان، عراق، برطانیہ، اٹلی، پولینڈ، ازبکستان، جرمنی، سویٹزرلینڈ، فرانس، مصر، لیبیا، یمن اور افغانستان کے سفیر اور دفاعی اتاشی شامل ہیں جب کہ عالمی ادارہ برائے خوراک کے نمائندے بھی وفد کا حصہ ہیں۔