سندھ کا 28 ستمبر سے اسکولزکھلنے پر تحفظات ۔بلوچستان کا مزید 15 روز توسیع کا فیصلہ

224

کراچی‘کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر+نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کورونا سے متعلق ایس اوپیز پر عمل نہ کرنے سے پریشانی کا سامنا ہے،اسکول کھلنے جارہے ہیں اور والدین کے اوپر بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے،اسکولز کھلنے سے اگروبابڑھ جاتی ہے تو یہ ہمارانقصان ہے،28 ستمبر سے اسکولزکھلنے پر اب بھی تحفظات ہیں اور اس حوالے سے وفاق سے بھی بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کورونا کے کیسز کم ہوئے ہیں لیکن کورونا ابھی ختم نہیں ہوا،کورونا کی وبا اب بھی ہے اور کیسز آرہے ہیں،علاوہ ازیںبلوچستان حکومت نے این سی او سی کو پرائمری اسکول کھولنے کی تاریخ میں مزید15 روز توسیع کرنے کی تجویز پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس سے متعلق اجلاس ہوا ، جس میں سیکرٹری صحت ،انچارج بی سی او سی اور سیکرٹری تعلیم نے اجلاس کو بریفنگ دی ،اجلاس میں تعلیمی اداروں میں احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرانے اورتعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ،پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو تعلیم اداروں میں ایس او پیز کی مانیٹرنگ کا ٹاسک تفویض کیا گیا جبکہ محکمہ داخلہ تمام صورتحال کی مجموعی مانیٹرنگ کر یگا۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ اور اساتذہ کا بغیر ماسک کے داخلہ ممنوع قراردیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت این سی او سی کو پرائمری اسکول کھولنے کی تاریخ میں مزید 15 دن توسیع کرنے کی تجویز پیش کرے گی ،تعلیمی اداروں کے پرنسپل اور ہیڈ ماسٹر ایس او پیز پر عملدرآمد کے ذمے دار ہونگے جن تعلیمی اداروں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی ہو گی اس ادارے کے سربراہ کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ جام کمال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا ہے ،عوام کو سمجھنا اور محتاط رہنا ہو گا، والدین لنچ باکس کی طرح بچوں کو صبح ماسک دینا بھی یقینی بنائیں ۔ادھروزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے جمعرات کو ڈسٹرکٹ ایسٹ اور سینٹرل میں مختلف سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے ڈسٹرکٹ ایسٹ میں محکمہ تعلیم کے2 افسران کو ہدایات کے باوجود اپنی ذمے داریاں پوری نہ کرنے پر وضاحت کے نوٹس جاری کردیے جبکہ سینٹ جوزف کالج سمیت مختلف سرکاری و نجی اسکولوں میں سماجی فاصلہ ایس او پیز کے مطابق نہ ہونے پر متعلقہ پرنسپل کو فوری طور پر ایس او پیز کے تحت سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایات جاری کردیں۔