افغان امن معاہدہ خطے میں معاشی استحکام لائیگا،اسپیکر

143

اسلام آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ،مستحکم اورخوشحال افغانستان دیکھنا چاہتا ہے، پارلیمانی سفارتکاری کے ذریعے باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لیے تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے قائم مقام سفیر رحیم اللہ قطرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پارلیمان کی قائمہ کمیٹیوں کے مابین روابط قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ا سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ افغان امن معاہدہ خطے میں امن کے قیام اور ترقی میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ افغان سفیر رحیم اللہ قطرہ نے کہا کہ افغانستان خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔