ڈالروں کے عوض قوم کی بیٹی کو امریکا کے حوالے کیا گیا ،ہیومن رائٹس

185

کراچی(اسٹاف رپورٹر) عافیہ موومنٹ کے تحت عزم حقوقِ عافیہ مارچ پریس کلب سے گورنر ہائوس تک منعقد کیا گیااس موقع پرصدر ہیومن رائٹس نیٹ ورک انتخاب عالم سوری،عافیہ موومنٹ کی سربراہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور دیگر شرکا نے خطاب بھی کیا انتخاب عالم سوری نے کہا کہ 2003ء میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو کراچی سے اغوا کر کے ڈالروں کے عوض امریکا کے حوالے کر دیا گیا۔ 2007ء میں عافیہ صدیقی کو منظر عام پر لایا گیا اور الزام لگایا گیا کہ عافیہ صدیقی نے امریکی فوجیوں پر بندوق تانی ہے اسی الزام کو بنیاد بنا کر2010ء میں ان کو 83برس کی قید کی سزا سنائی گئی۔دنیا بھرکے ممالک اپنے قیدیوں کو واپس لا رہے ہیں لیکن مسئلہ ہماری حکومت ہے وہ اس میں دلچسپی نہیں لے رہی ۔ آج 17برس سے عافیہ اپنے گھر سے دور ناکردہ جرائم کی سزا کاٹ رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن سے قبل اپنی انتخابی مہم میں وعدہ کیا تھا کہ وہ وزیر اعظم بن کر عافیہ صدیقی کو واپس لائیں گے لیکن ایسا نا ہوا۔ میں عمران خان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فی ا لفور عافیہ صدیقی کو واپس لائیں اور اس حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت سے بھی قوم کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نا ہوا تو ہم بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کاسلسلہ شروع کریں گے جو عافیہ صدیقی کی رہائی پر ہی ختم ہوگا،اب اس حوالے سے عوام میں آگاہی آرہی ہے کہ کس طرح ہمارے لوگوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے اور اسے کیسے روکا جا سکتا ہے اب عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالے سے مزید خاموش نہیں رہا جاسکتا، اس موقع پر انتخاب سوری نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فوزیہ نے ایک جہد مسلسل کی مثال قائم کر دی ہے عافیہ صدیقی رہائی مہم کے حوالے سے ڈاکٹر فوزیہ کی انتھک محنت اور قیادت مثالی ہے ۔