بھارتی پرو پگنڈا نا کام، چین سرحد پر تعمیرات نہیں کر رہا ، نیپال

139

 

کٹھ منڈو (انٹرنیشنل ڈیسک) نیپال نے سرحد پر تعمیرات سے متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین نے نیپال کی سرحد کے اندر کسی بھی طرح کی تعمیر ات نہیں کی ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ میں کچھ دنوں سے اس طرح کی خبروں کا چرچہ تھا کہ چین اور نیپال کی سرحد پر نیپال کے بعض اندرونی متنازع علاقوں میں چین تیزی سے عمارتیں کھڑی کر رہا ہے ۔ تاہم نیپال کی حکومت نے اس کی تردید کردی ہے ۔ نیپال کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے محکمہ سروے نے سرکاری دستاویزات کے مطابق علاقے کا مشترکہ معاینہ کیا ہے اور سرحد سے متعلق نقشے کی جانچ سے معلوم ہوا ہے کہ یہ عمارتیں نیپالی سرزمین پر تعمیر نہیں کی گئی ہیں۔ نیپالی حکومت کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ان تعمیرات سے متعلق 2016ء میں بھی میڈیا میں خبریں آئی تھیں، جس کے کافی تذکرے ہوئے تھے ، لیکن تفتیشی ٹیموں نے پایا کہ یہ تعمیرات چین کے اندر سرحد سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر تعمیر کی گئی ہیں۔ اس سے قبل چین نے بھی اپنے ایک بیان میں اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیپال اور چین کی سرحد کے پاس ہوملا ضلع میں اونچے پہاڑی دروں پر یہ عمارتیں اس کے اپنے علاقے میں تعمیر ہورہی ہیں۔ کٹھ منڈو میں چینی سفارت کار نے بھی اس حوالے سے میڈیا کی قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ۔ حالیہ دنوں میں میڈیا میں یہ خبریں سرخیوں میں رہی ہیں کہ چین نے مبینہ طور پر نیپال کے ضلع ہوملا میں اس کی سرزمین پر کنکریٹ کی 11 عمارتیں تعمیر کر لی ہیں اور اب نیپال کے نمکھا گاؤں کے پاس چین ایک شمشی توانائی کا مرکز بھی تیار کر رہا ہے۔