ہار کر بھی آسانی سے اقتدار نہیں چھوڑوں گا ، ٹرمپ

245

 

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آیندہ صدارتی انتخابات میں ناکام ہونے پر بھی آسانی سے اقتدار چھوڑنے کی نفی کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں لگتا ہے کہ یہ اتنی آسانی سے پُرامن طریقے سے نہیں ہو سکے گا۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں دے سکتے کہ انتخابات میں اپنی شکست کے بعد بھی وہ آسانی سے اقتدار کامیاب امید وار کو منتقل کر دیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاک سے رائے دہیمیں بڑے پیمانے پر دھاندلی کا خدشہ ہے، اس لیے وہ پہلے دیکھیں گے کہ ہوتا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر وہ انتخاباتمیں ہارتے ہیں تو اس کی وجہ یہ نہیں ہوگی کہ زیادہ امریکی شہریوں نے ان کے خلاف ووٹ دیا، بلکہ اس کی وجہ ڈاک کے ذریعے ووٹنگ اور دھاندلی ہوگی۔ انہوں نے یہ بات واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران سوال کے جواب میں کہی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈاک کے ذریعے رائے شماری پر مجھے شک ہے، اس لیے ان کی نظر میں انتخابی نتائج سپریم کورٹ تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کہ وہ ڈاک کے ذریعے رائے شماری کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں، لیکن کئی ریاستیں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظرعوام سے ڈاک کے ذریعے ووٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں، تاکہ لوگ زیادہ تعداد میں ووٹ کر سکیں۔ امریکی تاریخ میں یہ ایک بہت ہی غیر معمولی بات ہے کہ ملک کا صدر خود ہی جمہوری نظام کے لیے اپنے ہی انتخابی نظام پر بے اعتمادی کا اظہار کرے، لیکن ٹرمپ ماضی میں بھی اس طرح کی باتیں کرتے رہے ہیں اور گزشتہ انتخابات میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہیلری کامیاب ہوئیں تو وہ انتخابات کو تسلیم نہیں کریں گے۔