قومی ٹی ٹوئنٹی کپ،میچز آفیشلز کے پینل کا اعلان

185

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا۔30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل 14 امپائرز اور 6 میچ ریفریز ہی فرائض انجام دیں گے۔ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں ایک ایلیٹ امپائر کو اپنی قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کرنے کے لیے کم از کم 9 جبکہ ایک میچ ریفری کو کم از کم 5 میچز دئیے گئے ہیں۔18 اکتوبر تک جاری رہنے والا قومی ٹی ٹوئنٹی کپ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر ہوگا، ایونٹ میں تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ اس میچ میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ضمیر حیدر اور فیصل خان آفریدی کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ قیصر وحید کو تھرڈ امپائر اور آفتاب گیلانی کو فورتھ امپائرکی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ اس میچ میں پلیئنگ کنڑول ٹیم کی سربراہی میچ ریفری اقبال شیخ کو دی گئی ہے۔ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جہاں آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں شامل احسن رضا اور آصف یعقوب بطور آن فیلڈ امپائرز ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ ایونٹ کے سب سے بڑے معرکے میں میچ ریفری کے فرائض آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز میں شامل محمد جاوید ادا کریں گے۔