حقوق کراچی مارچ ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو گا ، اسامہ رضی

197

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ27ستمبر کا حقوق کراچی مارچ ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہو گا ۔ اس کی کامیابی کے لیے کارکنان گھر گھر جائیں، عوام سے رابطے کریں،مظلوم عوام 27ستمبر کو اپنے حق کے لیے کراچی کی سڑکوں پر نکلیں گے ، درست مردم شماری ہو جائے تو کراچی کی انتخابی نشستوں کی تعداد دگنی ہو جائے گی ۔شہری آبادی 52فیصد ہو گئی ہے جبکہ دیہی آبادی 48فیصد ہے ۔ مسائل کے حل کے لیے درست اور منصفانہ مردم شماری کی ضرورت ہے ۔ پی ٹی آئی کی کراچی میں قومی اسمبلی کی 14اور صوبائی اسمبلی کی24 سیٹیں ہیں مگر شہر کے حقوق کے لیے یہ کچھ نہیں کر سکے جس دن کراچی بارش میں ڈوب رہا تھا ، اس دن عمران خان ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کوٹا سسٹم کو لامتناہی عرصے کے لیے مسلط کر رہے تھے ۔ نا انصافی نے کراچی جیسے شہر کو گوٹھ بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حقوق کراچی مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ملیرمیںاجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے ضلع ائر پورٹ کے امیر توفیق الدین صدیقی ،ناظم علاقہ کریم بخش نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے مزید کہا کہ 1100 ارب روپے کے پیکج سے پہلے شہری 162ارب روپے کے پیکج کا پوچھنا چاہتے ہیں کہ اس کا کیا ہوا۔ کراچی 80فیصد ریونیو ملک کواور 95فیصد ریونیو صوبہ سندھ کو فراہم کرتا ہے مگر پھر بھی اسے حق سے محروم رکھا ہوا ہے جو انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے ، 26سو ارب اس سال کراچی نے وفاق کو دیے۔کراچی کو حق چاہیے ، با اختیار شہری حکومت چاہیے جو کراچی کے شہریوں کا آئینی ، قانونی اور جمہوری حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ 27ستمبر کا مارچ در حقیقت حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہو گا ۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے مارچ کو کامیاب بنانے کے لیے عوام سے بھر پور شرکت کی اپیل کی ۔