حافظ نعیم کی لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کیخلاف نیپرا میں تحریر ی شکایت

210

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں جاری بد ترین لوڈشیڈنگ کے خلاف کراچی کے شہریوں کی جانب سے نیپرا میں تحریری شکایت جمع کرا دی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ نیپرا فوری طور پر اس کا نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کرے اور اس کا لائسنس منسوخ کرے۔ شہریوں کو شدید گرمی کے موسم میں لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی جائے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے تحریری شکایت کی کاپی عدالت عظمیٰ ، گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی ارسال کی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے گزشتہ 2 ہفتے سے شدید گرمی کے موسم میں 12 سے 18 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ کر کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی۔دن کے ساتھ ساتھ رات 12 بجے سے 4 بجے صبح تک بھی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔شہریوں کی رات کی نیند اور دن کا چین اور سکون غارت ہوچکا ہے۔عدالت عظمیٰ اور نیپرا کے حکم کے باوجود کے الیکٹرک شہر بھر میں لوڈشیڈنگ کررہی ہے۔لوڈشیڈنگ توہین عدالت اور لائسنس کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔نیپرا فوری نوٹس لے کر کے الیکٹرک کے خلاف قانونی کارروائی کرکے لائسنس فوری منسوخ کرے۔