چھوٹے بچوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف لازمی کارروائی کریں گے

268

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سعید غنی جمعرات  کی صبح کراچی  کے مختلف نجی اور سرکاری اسکولوں کے دورے پر نکل گئے، دورے کے دوران وزیر تعلیم نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ اور عملے کی سرزنش کی اور سختی جاری رکھنے کا حکم دیا۔

جمعرات کی صبح وزیر تعلیم سندھ سعید غنی سینیٹ جوزف اسکول وکالج اور سینٹ پیٹرک اسکول پہنچے، اسکول/ کالج میں کلاسز میں تدریسی عمل جاری تھا، سینٹ جوزف و سینٹ پیٹرک گرلز اسکول میں تمام ایس او پیز اور سماجی فاصلہ کو برقرار  رکھنے پر  اسکول کی انتظامیہ اور پرنسپل کی کاوشوں کو سراہا۔

ایس او پیز اور سماجی فاصلے کی خلاف ورزی کرنے پر وزیر تعلیم نےسینٹ جوزف کالج کے  پرنسپل سے باز پرس کی اور اقدامات کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔

وزیر تعلیم سندھ  نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے دیگر تعلیمی اداروں کا بھی دورہ کیا، اساتذہ کو اسکولوں اور کالجز میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے جبکہ جوسرکاری اساتذہ کالجز اور اسکولز میں غیر حاضر ہیں ان کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں کے حکامات دیئے۔

دوسری جانب  گزشتہ روز وزیر تعلیم سعید غنی نے ضلع شرقی( کراچی) کے مختلف سرکاری و نجی اسکولز اور کالجز کا دورہ کیا،   گلستان جوہر میں واقع ایک نجی اسکول کے اچانک دورے کے موقع پر وہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر اسکول کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایات جاری کردیں۔

ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ایک نجی اسکول پر اچانک چھاپہ مارا،   ڈی جی نامی پرائیویٹ اسکول میں چھوٹی کلاسز کے بچوں کی تعلیم بھی شروع کی گئی ہے، وہاں ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہونے پراسکول  کو سیل کر کے اس کے مالکان کے  خلاف قانونی کارروائی کرنے  کا حکم دے دیا۔

واضح رہے سعید غنی نے کہا کہ چھوٹے بچوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف لازمی کارروائی کریں گے،  تمام ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے، اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور والدین سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرائیں، اسکول میں سینیٹائز ہر کلاس روم میں رکھا جائے، کلاسز میں سماجی دوری کو برقرار رکھا جائے۔

خیال رہے  وزیر تعلیم سندھ  کا  کہنا تھا  کہ صوبائی محکمہ تعلیم کے فیصلے کے مطابق سندھ میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے آٹھویں، ساتویں اور چھٹی جماعت کے بچے 28 ستمبر سے اسکول جا سکیں گے۔