ترک سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کی 152 کوششیں ناکام بنادی

563

انقرہ: ترک سیکیورٹی فورسز نےرواں  سال میں 152 دہشت گردی کے منصوبوں کو ناکام بنایا ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ2020میں دہشت گردی کے خلاف کئے جانے آپریشنز میں اب تک 26.8 ٹن دھماکہ خیز مواد قبضے میں لیا گیا ہے۔

سلیمان سوئلو نے بتایا کہ حالیہ آٹھ ماہ میں کرد دہشت گرد تنظیموں وائے پی جی اور پی کے کے کے 162 دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے ہیں،تین سال میں کرد دہشت گرد تنظیموں کے 700 سے زائد دہشت گرد ہتھیار ڈال چکے ہیں۔

ترک وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ تقریباً 400 کے قریب خاندان کرد دہشت گرد تنظیموں کے خلاف گذشتہ ایک سال سے احتجاج پر بیٹھے ہیں، جن کے بچوں کو یہ دہشت گرد تنظیمیں اغوا کر کے لے گئی ہیں۔ یہ احتجاج گذشتہ سال 3 ستمبر سے جاری ہے۔

سلیمان سوئلو نے مزید کہا کہ 2016 کی ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے اب تک حکومت فتح اللہ ٹیررسٹ آگنائزیشن فیٹو کے چھپے ہوئے کارندوں کے خلاف لڑرہی ہے۔

خیال رہے ترکی نے دنیا میں سب سے پہلے 2013 میں داعش اور آئی ایس آئی ایس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

داعش اب تک ترکی میں 10 خودکش حملے، 7 بم دھماکے اور چار مسلح حملے کر چکی ہے، جس میں 315 افراد شہید ہوئے تھے۔

ان حملوں کے بعد ترکی نے اندرون ملک اور بیرون ملک دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز شروع کئے، سب سے بڑے دو آپریشن ترک فضائیہ کا پنجہ عقاب اور زمینی فوج کا پنجہ شیر ابھی تک عراق کے شمالی علاقوں میں جاری ہیں۔