نیشنل ٹی 20 کپ: میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان ہوگیا

486

ملتان: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ٹی 20 کپ 2020 کیلیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا،30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والےفرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں پی سی بی کے ایلیٹ پینل میں شامل 14 امپائرز اور 6 میچ ریفریز ہی فرائض انجام دیں گے۔

ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جہاں آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائرز میں شامل احسن رضا اور آصف یعقوب بطور آن فیلڈ امپائرز ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ ایونٹ کے سب سے بڑے معرکے میں میچ ریفری کے فرائض آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز میں شامل محمد جاوید ادا کریں گے۔

پی سی بی کے 6 رکنی ایلیٹ پینل برائے میچ ریفریز میں علی نقوی (لاہور)، افتخار احمد(کراچی)، محمد انیس (لاہور)، محمد اقبال شیخ (حیدرآباد)، ندیم ارشد (فیصل آباد)اور پروفیسر جاوید ملک (ملتان)شامل ہیں۔

پی سی بی کے 14 رکنی ایلیٹ پینل برائے امپائرزمیں احسن رضا (لاہور)، آفتاب حسین گیلانی (بہاولپور)، آصف یعقوب (اسلام آباد)، فیصل خان آفریدی (سرگودھا)، غفار کاظمی (لاہور)، عمران جاوید (کراچی)، ناصر حسین سینئر (لاہور)، قیصر وحید (لاہور)، راشد ریاض وقار (لاہور)، ثاقب خان (ایبٹ آباد)، شوزب رضا (لاہور)، سید امتیاز اقبال (کراچی)، ولید یعقوب (لاہور)اور ضمیر حیدر (لاہور) شامل ہیں۔

ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں ایک ایلیٹ امپائر کو اپنی قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کرنے کے لیے کم از کم 9 جبکہ ایک میچ ریفری کو کم از کم 5 میچز دئیے گئے ہیں، ایونٹ کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن اور خیبرپختونخوا کی ٹیمیں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔ میچ میں آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ضمیر حیدر اور فیصل خان آفریدی کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ قیصر وحید کو تھرڈ امپائر اور آفتاب گیلانی کو فورتھ امپائرکی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ اس میچ میں پلیئنگ کنڑول ٹیم کی سربراہی میچ ریفری اقبال شیخ کو دی گئی ہے۔

منیجر امپائرز اینڈ میچ ریفریز بلال قریشی کا کہنا ہے کہ سال 2004 کے بعد اب تک کوئی نیا پاکستانی آئی سی سی کے ایلیٹ پینل برائے میچ ریفریز میں جگہ نہیں بناسکا جبکہ 15 سال قبل ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ندیم غوری کے بعد ہمارا کوئی نیا  امپائر بھی اس سطح پر نہیں پہنچ سکا، لہٰذا پی سی بی ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے دوران اپنے میچ آفیشلز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا چاہتا ہے  تاکہ وہ آئی سی سی کی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرسکیں۔

بلال قریشی کا کہنا ہے کہ اس  پورے ٹورنامنٹ کیلیےصرف ایلیٹ پینل میں شامل میچ آفیشلز کی تقرری کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کے  معیار کو مزید بہتر بنانا اوران میچ آفیشلز کو فیصلہ سازی اور میں منیجمنٹ سے متعلق اپنی صلاحیتوں کےاظہار کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے، جس سے پی سی بی کو ایک سال بعد ان  کی کارکردگی جانچنے میں بھی مدد ملے گی۔

اس دوران پی سی بی کی جانب سے پہلی مرتبہ متعارف کروائے گئے سپلیمنٹری پینل میں شامل امپائرز  اور ریفریز یکم اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہونے والے  نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں  ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ 30 ستمبر سے اٹھارہ اکتوبر تک جاری رہنے والا نیشنل ٹی20 کپ پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر ہوگا۔