سب سے بڑا نقصان ان کا ہوا جن کے پیارے اس دنیا سے چلے گئے، مراد علی شاہ

403

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہے کہ کورونا وائرس کے باعث عائد کردہ پابندیوں کی وجہ سے لوگوں کے کاروبار بند ہوئے ہیں وہ پھر کھل جائیں گے مگر سب سے بڑا نقصان ان کا ہوا کہ جن کے پیارے اس دنیا سے چلے گئے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے سب کو بالخصوص والدین کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ اسکول کئی ماہ بند رہے جس کی وجہ سے تعلیمی نقصان ہوا ہے لیکن بڑا نقصان یہ ہوگا کہ وبا دوبارہ پھیل جائے، اس لیے بچوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا لازمی ہے۔

وزیر اعلیٰ  سندھ نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے اہم چیز شہریوں خاص طور پر بچوں کی صحت ہے اور اس چیز کو ہم نہایت باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں جبکہ 28 تاریخ تعلیمی ادارے  کھولنے سے قبل ایک اور جائزہ لیا جائے گا اور وفاقی حکومت سے بھی بات کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں پر زور دیا کہ ماسکس پہنیں یہ وبا کو روکنے میں خاصہ معاون ثابت ہورہی ہے مگر لوگ سمجھتے ہیں کہ وبا ختم ہوگئی لیکن وبا ختم نہیں ہوئی۔

دوسری جانب بارشوں اور موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس سال ریکارڈ تور بارشیں ہوئی، خاص کر 27 اگست کی بارش نے سارے اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ دیے تھے جس کے بعد ہم نے 24 سے 48 گھنٹوں میں 95 فیصد شہر کو صاف کردیا تھا جبکہ کراچی کے لیے ایک بڑا مسئلہ یہ سامنے آیا ہے کراچی کا سیوریج سسٹم بہت پرانا ہے جو کئی جگہوں پر بارشوں کی وجہ سے مکمل تباہ ہوگیا تھا جو مرمت کرلیا گیا ہے۔