کراچی کو مافیاؤں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا،حافظ نعیم

459

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ کراچی کو ان مافیاؤں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑسکتے جنہوں نے 30برسوں میں کراچی کو تباہ برباد کیااور شہریوں کا استحصال کیا۔

ادارہ نورحق میں 27ستمبر کو  شاہراہ قائدین پر ہونے والے عظیم الشان ”حقوق کراچی مارچ“ کی تیاریوں کے سلسلے میں پبلیسٹی وین VANS-SMDکو مختلف اضلاع میں روانہ کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کی۔

حافظ نعیم الرحمن  نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے مایوس اور محروم عوام کی آواز ہے، جماعت اسلامی شہر بھر میں مردم شماری سمیت کوٹہ سسٹم اور بااختیار شہری حکومت کے حوالے سے تحریک چلارہی ہے۔

امیرکراچی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی شہر کی اسٹیک ہولڈر جماعت ہے، جس نے ماضی میں بھی شہر کی بے مثال خدمت کی، کراچی پر اپنے حق کا دعویٰ کرنے والی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے عصبیت اور لسانیت کے نام پر عوام کا استحصال کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ کراچی شہر ایک گلدستہ کی مانند ہے، جہاں پورے ملک سے وابستہ افراد کی نمائندگی ہے، کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے لیکن ہمیشہ سے کراچی کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ معاشی رپورٹ کے مطابق پورا ملک کراچی کے ٹیکس سے چلتا ہے،وفاقی وصوبائی حکومتیں کراچی کو دینے کے بجائے صرف لیتی ہیں، وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے بعد اب تک کسی آبادی میں تعمیر و ترقی کا کوئی کام نہیں کیاگیا۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے  بنیادی مسائل مردم شماری،کوٹہ سسٹم اور بااختیاری شہری حکومت ہے،چیف جسٹس صاحب نے بھی بااختیار شہری حکومت کے حوالے سے واضح مؤقف دیا ہے،عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے،کراچی کے عوام 27ستمبر کے مارچ میں بھرپور شرکت کریں مارچ کو کامیاب کرائیں اور جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ پھر سے کراچی ترقی یافتہ شہر بن سکے۔