سونے اور ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی

510

کراچی:مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں1500روپے کی غیرمعمولی کمی ہوگئی جبکہ  ڈالر کی قدر میں بھی 26پیسےکمی  ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس 24قیراط سونے کی قیمت میں35ڈالر کی کمی ہوئی اور عالمی بازار میں فی اونس قیمت1857ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، جب کہ مقامی صرافی مارکیٹوں میں بھی فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب1500روپے اور1286روپے کی کمی ہوئی۔

صرافہ مارکیٹوں میں24قیراط  فی تولہ سونے کی قیمت کمی کے بعد1لاکھ 12ہزار500روپے ہوگئی، جب کہ دس گرام 24 قیراط سونے کی قیمت گھٹ کر 96ہزار 451روپے ہوگئی۔

دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آغاز  میں اضافے کے بعد ڈالر کی قدر میں  مسلسل تیسرے روز کمی دیکھنے میں آئی ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر  کی قدر میں 26 پیسے  کمی واقع ہوئی ہے۔

انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 26 پیسے کمی ہونے کے بعد انٹربینک میں ڈالر 166.22 سے کم ہوکر 165.96 روپے پر بند ہوا ہے۔