ایل او سی پر غیر ملکی سفرا کا دورہ، پاک فوج کی بریفنگ

370

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجرجنرل بابر افتخار نے غیرملکی سفرا اور دفاعی اتاشیوں کو لائن آف کنٹرول کے دورے کے موقع پر تازہ صورتحال پر بریفنگ دی.

تفصیلات کے مطابق ایل او سی دورے کے موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار نے غیرملکی سفرا اور دفاعی اتاشیوں کو بتایا کہ بھارتی قابض افواج کنٹرول لائن پر دانستہ شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارتی فوج سیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی میں بھاری ہتھیار استعمال کررہی ہے اور 2014 سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں بڑھ گئی ہیں.

انہوں نے کہا کہ 2020 میں اب تک بھارت 2333 بارجنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے اور بھارتی فائرنگ سے 18 شہری شہید،185 زخمی ہوئے.

میجرجنرل بابر افتخار نے غیرملکی سفرا اور دفاعی اتاشیوں کو بتایا کہ بھارت نے پورے خطے کو یرغمال بنا رکھا ہے، بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیوں کا مقصد دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹانا ہے، اشتعال انگیزیوں کا مقصد بھارت میں اقلیتوں کیخلاف مظالم سےتوجہ ہٹاناہے.

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال سنگین ہے، کشمیریوں کوان کی سرزمین پریرغمال بنا دیا گیا، مسئلہ کشمیر کا حل خطے کیلئے ضروری ہے جبکہ اقوام متحدہ نے کشمیر میں بھارتی ظلم وتشدد سے متعلق رپورٹ جاری کی اور مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے.