بلغاریہ نے دو روسی سفارت کاروں کو جاسوسی کے الزام میں بے دخل کردیا

303

صوفیہ: بلغاریہ حکومت نے فوج سے متعلق حساس معلومات اکٹھی کرنے کے الزام میں دو روسی سفارت کاروں کو ملک سے بے دخل کردیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بلغاریہ کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پبلک پراسیکیوٹر کی نشاندہی پر دو روسی سفارت کاروں کو ملک سے بے دخل کیا گیا۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ ملک میں موجود روسی سفارت خانے کو دونوں اہلکاروں سے متعلق آگاہ کیا اور حکم دیا کہ سفارت کاروں کو 72 گھنٹے کے اندر ملک چھوڑنا لازمی ہے۔

پبلک پراسیکیوٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں روسی سفارت کار سن 2016 سے فوج کے جدید منصوبوں کی معلومات اکٹھی کرنے میں مصروف تھے۔

پبلک پراسیکیوٹر نے سفارت کاروں کی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں سفارت کاروں نے اصرار کیا کہ میں انہیں حساس معلومات فراہم کروں تاکہ وہ روسی فوج کو پہنچا سکیں۔

گزشتہ سال تین روسی سفارت کاروں کو حساس معلومات حاصل کرنے کے الزام میں ملک سے بے دخل کیا گیا تھا۔ دو مزید سفارت کاروں کو بے دخل کرنے پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ماسکو اور صوفیہ حکومت کے مابین تعلقات اس وقت سے ناخوشگوار ہیں جب 2015 میں تین روسی شہریوں نے بلغاریہ میں اسلحہ کے صنعت کار کو زہر دیا تھا۔