ہم نے فوج کو 5 سو ارب دے کر ہر جنگ جیتنے کے قابل بنایا، احسن اقبال

386

ملتان: مسلم لیگ(ن)کے سیکرٹری جنرل  پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم نے فوج کو 500ارب دے کر انھیں وسائل فراہم کیے جس سے ہر جنگ جیتی جا سکتی تھی،اس ملک کے جام پہیے کو چلانا ہے تو جمہوریت کی بحالی کرنا ہوگی۔

لیگ(ن)کے رہنما احسن اقبال نے  ہائیکورٹ بارمیں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ جنوبی ایشیا کے تمام ممالک پاکستان سے آگے نکل گئے، امریکی مصنف نے 22سال قبل پاکستان کے مستقبل کی پیش گوئی کی تھی،تاہم وہ پیش گوئی مسترد کردی گئی لیکن آج وہ سچ ہوگئی۔

 امریکی مصنف نے لکھا تھا قوی امکان ہے پاکستان کی ریاست ناکام ہوجائے ، کیونکہ  پاکستان میں طاقت کا مرکز اسٹیبلشمنٹ ہے، بظاہر اختیارات پارلیمنٹ کے پاس ہیں لیکن اصل طاقت اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے۔امریکی مصنف نے مزید لکھا تھا کہ ممکنہ طور پر تین پہلو پاکستان میں سامنے آ سکتے ہیں، پاکستانی ریاست انتظامی ڈھانچہ اندرونی تضاد کا شکار ہے، جس ملک میں دو طاقتیں ہوں وہ نا کامیاب رہے گی نا کام ہوگی،22سال بعد ہم ان ناقدین کو سچا ثابت کر رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا  کہ میں 5مرتبہ قومی اسمبلی کا ممبر بنا، چھٹی بار مشرف نے مجھے ہرایا، افسوس سے کہتا ہوں پاکستان کو کبھی آگے نہیں بڑھنے دیا گیا، ہمیشہ پاکستان کو پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے، پاکستان 1999میں خوشحال تھا، پیسے کی قدر زیادہ تھی اور آج 2020میں پاکستان جنوبی ایشیا میں کم ترین گروتھ ریٹ پر کھڑا ہے، آج پاکستان کا روپیہ کم ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، مالدیپ ، افغانستان کو کون سا سرخاب کا پر لگا ہے جو وہ آگے نکل گئے ہیں۔

احسن اقبال نے مزید کہا  کہ ہم نے فوج کو 500ارب دے کر انھیں وسائل فراہم کیے جس سے ہر جنگ جیتی جا سکتی تھی، جب وسائل ملے تو ہماری افواج نے دہشت گردی کے خلاف ہر وہ جنگ جیتی جو امریکا افغانستان میں ہار کر واپس جا رہا ہے۔

 سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مسلح افواج کو کہا جنگ لڑیں حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے، ہم نے مسلح افواج کو آپریشن ضرب عضب اور رد الفساد میں 5سو ارب مہیا کیے۔ نواز شریف حکومت نے مسلح افواج کو تمام وسائل فراہم کئے جس سے دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔

احسن اقبال نے کہا  کہ 2018میں اس حکومت کو دھاندلی سے باہر کر دیا گیا،سندھ اور خیبر پختونخوا میں وہی حکومت اور پنجاب میں جس کی دنیا میں مثالیں دی جاتی ہیں اسے دھاندلی سے ہرا دیا جاتا ہے۔