اکنامک آﺅٹ ریچ اپیکس کمیٹی کے قیام کا فیصلہ

96

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزارتوں، صوبائی محکموں اور دیگر اداروں کے مابین کوآرڈی نیشن اور اہداف کے حصول کے لیے ”اکنامک آو¿ٹ ریچ اپیکس کمیٹی “ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ،معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف کو کمیٹی کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملکی اقتصادی سفارت کاری کے فروغ کے حوالے سے
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ وزیرِ اعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سفارت کاری کے فروغ سے بیرونی ممالک سے نہ صرف دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بلکہ معاشی میدان میں موجود صلاحیت سے بھی بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ممالک میں تعینات پاکستانی سفارت خانے اقتصادی سفارتکاری کے فروغ پر بھرپور توجہ دیں۔ زرعی شعبے میں اصلاحات خصوصاً زرعی پیداوار میں اضافہ اور فوڈ سیکورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانا ترجیح ہے، زرعی شعبے کی بہتری، پیداوار میں اضافہ اور شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایکشن پلان بنایا جائے ۔ اجلاس کو ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر فوڈ سیکورٹی کے حوالے سے درپیش چیلنجز، مختلف زرعی اجناس کی پیداوار کی موجودہ صورتحال، وزیرِاعظم ایگریکلچر ایمرجنسی پروگرام پر پیش رفت ، مختلف اجناس کی پیداوار بڑھانے اور زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔