پی آئی اے کے صرف 29 جہازوں کےلےے 14500 ملازمین

108

اسلام آباد (آن لائن) سی ای او پی آئی اے نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سول ایوی ایشن کو بتایا کہ پی آئی اے کے پاس صرف29 جہاز ہیں جبکہ ملازمین کی تعداد 14500 ہے‘ تناسب کے لحاظ سے 500 ملازمین ایک جہاز کے لےے ہیں‘ ان ملازمین کی سالانہ تنخواہ 24 ارب 80 کروڑ روپے بنتی ہے جبکہ قطر ائرلائن کے پاس 240جہاز ہیں جبکہ ان کے ملازمین کی تعداد 32000ہے اور فی جہاز 133ملازمین بنتے ہیں۔ کمیٹی نے نیو اسلام آباد ائرپورٹ میں ہونے والی کرپشن کے معاملے پر فوری طور پر جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کر دی ‘ کمیٹی نے پی آئی اے میں ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے معاملے پر ان کیمرہ بریفنگ لی۔ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر مشاہد اللہ خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ میں منعقد ہوا۔ سی ای او پی آئی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے پی آئی اے کا آڈٹ مکمل ہوا ہے۔ پی آئی اے میں اصلاحات سے آئندہ 2 سال میں اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونے کی توقع ہے۔