سعوی عرب پاکستانیوں کے اقامے میں توسیع کرے، زلفی بخاری

223

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری نے بدھ کو سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل عبداللہ بن نصیر ابو السانی سے وڈیو لنک رابطہ کیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی ذوالفقار بخاری نے سعودی عرب جانےوالے مسافروں کو ٹکٹ کے حصول میں مشکلات، محدود پروازوں کی وجہ سے ائر
لائنز میں نشستوں کی عدم دستیابی اور کرایوں میں اضافہ جیسے معاملات اٹھائے۔ انہوں نے ویزا کی میعاد کی تاریخ 30 اکتوبر 2020ءتک بڑھانے، ائر لائنز کو مزید فلائٹس کی اجازت دینے کی درخواست کی۔زلفی بخاری نے کہا کہ پروازوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے سعودیہ میں کام کرنے والے چٹھی پر آئے پاکستانی پھنس چکے ہیں، سعودی ائر کیریئر اور پی آئی اے دونوں کی پروازوں میں اضافے کی اجازت دی جائے۔ اقامے کی مدت میں کم ازکم ایک ماہ کی توسیع کی جائے، سعودیہ میں ملازمت میں تبدیلی کرنے کے عمل کو بھی آسان بنانا مفید ہوگا۔ اس موقع پر سعودی نائب وزیر برائے انسانی وسائل عبدللہ بن نصیر ابو السانی نے ہفتہ وار مشترکہ وزارتی اجلاس میں پروازوں اور اقاموں کا معاملہ اٹھانے کا وعدہ کیا۔ معاون خصوصی زلفی بخاری نے سعودی نائب وزیر کو سعودی قومی دن کی بھی مبارکباد بھی دی جس کا سعودی وزیر نے اظہار خیر مقدم کیا۔ سعودی وزیر نے کہا کہ اگلے ماہ پاکستان کو لیبر لا میں ترمیم کی ایک بڑی خوشخبری دیں گے۔