بدین : بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف تاجروں اور شہریوں کا احتجاج‘ دھرنا

201

بدین(نمائندہ جسارت) بدین بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور طویل بندش کے خلاف تاجروں اور شہریوں کا دھرنا اور بھوک ہڑتال،بدین میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور طویل بندش سے شہری شدید پریشان ہو کر بل آخر روڈ پر نکل آئے تاجر برادی شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے حیسکو اور سوئی سدرن کے خلاف مہران چوک پر تاجر رہنما¶ں خلیفہ طارق میمن شاہ، نواز زرگر، مولا بخش ملاح، عمران سومرو، ممتاز پہنور، گلزار میمن، ریاض طاہرانی، شجاعت خواجہ، عبدالرحیم کھٹی، مختار جعفری اور سیٹھ زاہد خواجہ کی قیادت میں دھرنا دے دیا۔ احتجاجی شرکا کے مطابق واپڈا اور گیس کی لوڈشیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دھرنا شہریوں اور سول سوسائٹی بدین کی کال پر دیا گیا ہے، دھرنے میں شہری سمیت سیاسی، سماجی تنظیموں نے بھرپور شرکت کی واپڈا اور سوئی سدرن گیس کے عملے کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ اس موقع پر ایکسیئن حیسکو پیر نبی شاہ نے احتجاجی دھرنے میں پہنچ کر مظاہرین سے ملاقات کی اور شہریوں کو غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور خراب ٹرانسفارمر کی فوری مرمت کر کے بجلی کی بحالی کی یقین دہانی کرائی ۔اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ واپڈا کی من مانیاں ختم ہی نہیں ہو رہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے اور بجلی جاتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ بھی کر دی جاتی ہے۔ شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والا فرد پریشان ہے۔ شہریوں نے کہا کہ اب کسی صورت لوڈشیڈنگ کو برادشت نہیں کریں گے ایکسیئن حیسکو کی یقین دہانی پر شہریوں نے واپڈا کے خلاف احتجاج ختم کر کے سوئی سدرن گیس کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سوئی سدرن گیس کا عملہ اپنا قبلہ درست کرے اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو روزانہ اس کے خلاف احتجاج جاری رکھا جائے گا۔