قومی ٹی ٹوئنٹی کپ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا امتحان

197

کراچی(سید وزیر علی قادری)پاکستان کا شمار دنیا کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جنہوں نے کورونا وائرس کے باوجود کرکٹرز کو صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع دینے کے لیے اپنے مکمل ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا اعلان کیا ہے۔30 ستمبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک سیزن21-2020 کا آغاز قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہورہا ہے جہاں پاکستان کی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے۔آئندہ3 سال میں آئی سی سی کے 3 وائٹ بال ایونٹس کے انعقاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈبل لیگ کی بنیاد پر کروایا جانے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں شریک نوجوان کرکٹرزاپنی قابلیت اور صلاحیتوں کا لوہا منوانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ایونٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے زمباوے کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار کرنے اور پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ سے قبل فرنچائز مالکان کی توجہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔ان 6کھلاڑیوں میں سب سے پہلے زکر کرتے ہیں عاکف جاوید کا جن کا تعلق بلوچستان سے ہے، بلوچستان کے 19 سالہ فاسٹ بولر عاکف جاوید اپنی تیز رفتار بولنگ کے باعث 30ستمبر سے شروع ہونے والے ایونٹ میں حریف ٹیموں کے لیے خطرہ ثابت ہوں گے۔ اب تک 13 میچوں پر مشتمل اپنے مختصر ٹی ٹوئنٹی کیرئیر میں 13 وکٹیں حاصل کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 7میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ گزشتہ سال ایسی سی ایمرجنگ ٹیمزایشیا کپ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیم او پی ایس ایل 5ویں ایڈیشن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔بلوچستان کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال کاکہنا ہے کہ عاکف جاوید ایک بہترین فاسٹ بولر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک منظم حکمت عملی کے تحت کرک سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان بولر کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوشش کریں گے۔فیصل اقبال نے مزید کہا کہ وہ عاکف جاوید کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع دینا چاہتے ہیں، اس دوران عمر گل اور عمید آصف کی صورت میں 2 تجربہ کار بولرز کی اسکواڈ میں موجودگی بھی عاکف جاوید کے لیے مفید ثابت ہوگی۔دوسرے کھلاڑی اعظم خان جن کا تعلق سندھ سے ہے پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کا موقع ملا۔اب تک 10 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 124.61 کے اسٹرائیک ریٹ سے 162 رنزبنانے والے جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان کے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔22 سالہ اعظم خان کی صلاحیتوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے سندھ کے ہیڈ کوچ باسط علی کا کہنا ہے کہ وہ نوجوان مڈل آرڈر بیٹسمین کو نیٹ میں پریکٹس کرتا دیکھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اعظم خان جیسا کھلاڑی کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ باسط علی نے مزید کہا کہ وہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں اعظم خان کی صلاحیتوں کوبہترین ا نداز میں استعمال کرنے کی کوشش کریں گے۔تیسرے کم عمر کھلاڑی میں قاسم اکرم جن کا تعلق سنٹرل پنجاب سے ہے17سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین قاسم اکرم ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ملتان میں شیڈول قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گے۔ قاسم اکرم نے آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں متاثرکن کارکردگی کی بدولت شائقین کرکٹ اور ہیڈ کوچ شاہد انور کی توجہ حاصل کی۔