پاکستان انٹرنیشنل فٹ بالرز ایسوسی ایشن کے قیام کا اعلان

272

ایبٹ آباد(جسارت نیوز)پاکستان انٹرنیشنل فٹ بالرز ایسوسی ایشن کے قیام کا اعلان کر دیا گیا۔ قومی فٹ بال ٹیم، اولمپکس اور گولڈ میڈلسٹ کھلاڑیوں پر مشتمل ملک کے کھلاڑیوں کیلئے مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے گا جس میں ملک کے چاروں صوبوں سے نمائندگی اور ممبر سازی کی جائے گی۔ گزشتہ روز ایبٹ آباد پریس کلب میں پاکستان انٹرنیشنل فٹ بالرز ایسوسی ایشن کے قیام کے موقع پر سابق انٹرنیشنل کھلاڑی ملک اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹ بال ایسوسی ایشن میں من مرضی کے لوگ مسلط کیے گئے ہیں جس سے کھلاڑیوں کے حقوق مسخ ہو رہے ہیں، فٹ بال کے کھیل میں زیادہ غریب لوگ ہوتے ہیں، اس کھیل کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھانے کا عزم کرتے ہیں جس میں کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود بھی ہو گی، فٹ بال کے کھیل سے وابستہ کھلاڑی کراچی کی سڑک پر بھیک مانگ رہے ہیں جو پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی بے حسی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات کو مدنظر رکھ کر ایسے مستحق کھلاڑیوں کی مالی مدد کرنے کیلئے اپنی ڈونیشن جمع کریں گے، دیگر ممالک میں کھلاڑیوں کی فلاح کیلئے ایسوسی ایشن ہیں جو ایسے تمام کھلاڑیوں کے مسائل کا تدارک کرتی ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں فٹ بال کے کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے، کھلاڑیوں کا حق کوچز کھا جاتے ہیں اور اچھے اور بہترین کھلاڑیوں کا استحصال کیا جاتا ہے اور چاچا ماما کا سلسلہ ختم کرنے کی کوشش ہے۔