بریگزٹ کے باعث اربوں ڈالر برطانیہ سے جرمنی منتقل

177

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ کی یورپی یونین سے علاحدگی پر تناؤ کے باعث امریکا کے بڑے بینک نے برطانیہ سے سرمایہ نکالنا شروع کردیا۔ جے پی مورگن چیز اینڈ کمپنی کی جانب سے جرمنی میں اثاثے منتقل کرنے کے اقدام کو برطانیہ کے لیے بہت بڑے نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق جے پی مورگن چیز اینڈ کمپنی امریکی بینک ہے، جو جے پی مورگن اور چیز مین ہیٹن بینک کے اشتراک سے وجود میں آیا تھا۔ لندن حکومت کی جانب سے بریگزٹ سمجھوتوں کی خلاف ورزی اور یورپی یونین کے ساتھ کشیدگی کے بعد بینک نے اپنے اثاثے جرمنی کے مالیاتی مرکز فرینکفرٹ منتقل کرنا شروع کر دیے ہیں۔ اقدام کا مقصد یہ ہے کہ یورپی یونین کے سابق رکن ملک میں نقصانات سے بچا سکے اور ساتھ ہی یورپ کی سب سے بڑی معیشت میں رہتے ہوئے فائدہ بھی اٹھایا جاسکے۔ واضح رہے کہ غیر یقینی صورت حال میں برطانیہ میں سرمایہ کار تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ کئی بین الاقوامی مالیاتی ادارے کوشش میں ہیں کہ وہ اپنے کاروبار برطانیہ سے یورپی یونین منتقل کر دیں۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی بینک لندن سے تقریبا 230 ارب ڈالر کے اثاثے رواں سال کے اختتام تک منتقل کرلے گا،جس کے بعد اس کا شمار جرمنی کے بڑے بینکوں میں ہوگا۔