خطے میں اسرائیلی برتری قائم رکھنے کا امریکی اعلان

187

واشنگٹن/ منامہ (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرقِ وسطیٰ میں اسرائیل کی عسکری برتری قائم رکھنے میں اس کی مدد کرے گا۔ مارک ایسپر نے یہ بات بینی گینٹس کے ساتھ پینٹاگون میں ایک ملاقات کے دوران کہی۔ ایسپر نے کہا کہ یہ بات امریکی اسرائیلی دفاعی تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے کہ اسرائیل کو مشرقِ وسطیٰ میں حاصل عسکری برتری قائم رہنا چاہیے۔ اسرائیل خطے کا وہ واحد ملک ہے، جس کو امریکا نے ایف 35جنگی طیارے مہیا کر رکھے ہیں۔ اسرائیل نہیں چاہتا کہ امریکا اب متحدہ عرب امارات کو بھی ایسے جنگی طیارے فراہم کرے۔ دوسری جانب اسرائیل سے بحرین کے لیے پہلی براہ راست پرواز بدھ کے روز منامہ پہنچ گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں امن معاہدے پر دستخط کے بعد یہ پہلا فضائی رابطہ ہے۔ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق اسرائیلی فضائی کمپنی اسریر ائر لائنز کی پرواز تل ابیب سے 3گھنٹے کی پرواز کے بعد منامہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری۔ ادھر بحرین کے ولی عہد شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔