ترکی: قومی مصالحت کے لیے حماس اور الفتح کے مذاکرات

116

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) اسلامی تحریک مزاحمت حماس اور تحریک فتح کی قیادت نے ترکی کی میزبانی میں قومی مصالحتی عمل آگے بڑھانے اور بیروت میں منعقدہ کل جماعتی کانفرنس کے فیصلوں پر عمل کے لیے مذاکرات کیے ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن ڈاکٹر خلیل الحیہ نے بتایا کہ ان کی جماعت قومی وحدت کے حصول میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور قومی مصالحت کے ذریعے جامع تزویراتی حکمت عملی وضع کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ قضیہ فلسطین کو درپیش سازشوں کا متفقہ کوششوں سے مقابلہ کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں بیروت میں کل جماعتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے علاوہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور فلسطینی جماعتوں کے قائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔ دریں اثنا فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے ترکی کے صدر رجب طیب اِردوان سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینیوں کے درمیان مصالحت اور انتخابات کی طرف آگے بڑھنے میں مدد کریں۔ مقامی ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں محمود عباس نے ترک صدر سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں کے درمیان مصالحت کے لیے ثالثی کا کردار ادا کریں۔ دونوں رہ نمائوں نے بات چیت میں فلسطین کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔