ایس او پیز کی خلاف ورزی : وزیراعلیٰ کاتعلیمی اداروں کیخلاف سخت کارروائی کاحکم

172

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام تعلیمی اداروں میں معیاری آپریشنل طریقہ کار (ایس او پیز) پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ بچوں کو وبا سے بچایا جا سکے۔ نجی یا سرکاری ادارے جو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔یہ بات انہوں نے بدھ کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر تعلیم سعید غنی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ جب 15 ستمبر کو دوبارہ اسکولز کھولے گئے تو اسکولوں کا دورہ کیا ، ان میں سے زیادہ تر (اسکولز) ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کررہے تھے لہٰذا انہوں نے چھٹی سے آٹھویں جماعت تک اسکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا اور اب وہ 28 ستمبر کو دوبارہ کھلیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بندش کے دوران اسکولز ایس او پیز کے نفاذ کیلیے ضروری طریقہ کار تیار کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر تعلیم کو ہدایت کی کہ وہ تمام تعلیمی اداروں، سرکاری و نجی کو ضروری ہدایات جاری کریں تاکہ بچوں کو محفوظ بنانے کیلیے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا جو بھی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہے وہ ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔علاوہ ازیں وزیر تعلیم سعید غنی نے بدھ کی صبح کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مختلف نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں کا دورہ کیااور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایک نجی اسکول کو سیل کرنے کا حکم دیا،صوبائی وزیر نے گلشن اقبال میں قائم پارک ہائوس گرامر اسکول کے دورے کے موقع پر وہاں چھوٹی کلاسز کے بچوں کی جاری تدریس پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور اسکول میں بغیر ماسک اور دیگر ایس او پیز کے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے پر فوری طور پر اسکول کو سیل کرنے کے احکامات دیے۔ انہوںنے ڈی جی پرائیویٹ اسکول منصوب صدیقی کو ہدایات دی کہ فوری طور پر وہ مذکورہ اسکول کے حوالے سے کارروائی کریں۔ صوبائی وزیر جب گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج برائے بوائز اینڈ گرلز گلشن اقبال بلاک 7پہنچے تو وہاں پر ایس او پی کے تحت کالج کے مرکزی دروازے اور کلاسوں میں کسی قسم کے اقدامات نہ ہونے اور کالج پرنسپل کی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے کالج میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور کلاسوں میں کسی قسم کی ایس او پیز کی عدم دستیابی پر فوری طور پر سیکرٹری کالجز کو کالج کا خود دورہ کرنے اور انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایات کی۔ انہوں نے مذکورہ کالج میں غیر حاضر پرنسپل اور اسٹاف کے دیگر ارکان کو شوکاز جاری کرنے کی بھی ہدایات دی۔