پشاور بی آرٹی کی تمام بسیں25اکتوبرسے چلانے کی یقین دہانی

161

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ پختونخواکے معاون خصوصی برائے اطلاعات و کامران بنگش نے کہا ہے کہ بس سروس کی بحالی پر کام جاری ہے اور کمپنی کی جانب سے 25اکتوبر 2020سے تمام بسیں دوبارہ چلائی جانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ میڈیا پر بی آر ٹی بارے میں چلنے والی خبروں سے متعلق کامران بنگش کا کہنا تھا بسوں میں آگ لگنے کے چند افسوسنا ک واقعات کے بعد بس کمپنی نے درخواست کی ہے کسی بڑے واقعے کے رونما ہونے کے خدشات کے پیش نظر ٹرانس پشاور بس سروس کو معطل کیا جائے تاکہ بس کمپنی کے ماہرین کی ٹیم تمام بسوں کا تفصیلی معائنہ کر سکے۔معاون خصوصی کے مطابق آگ لگنے کی بنیادی وجہ غیر معمولی اور غیر متوقع بیرونی حالات کے سبب، بسوں کے موٹر کیپسیٹر/ کنٹرولر میں شارٹ سرکٹ ہے جس کے سبب آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ 20 رکنی ٹیم 11 مختلف سائٹس پر فالٹ کو درست کرنے میں لگی ہے۔ بسوں میں موجودہ موٹر کنٹرولرز کو اضافی استعداد کے حامل موٹر کنٹرولرسے تبدیل کیا جا رہا ہے جو کہ زیادہ سخت بیرونی حالات میں بھی کارآمد رہیں گے۔