وزیر اعظم کیوں بلیک میل ہورہے ہیں؟ قوم کے سامنے حقائق لائیں، سراج الحق

359

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ ان کے گرد بڑے بڑے مافیاز کا گھیرا ہے ۔ وزیراعظم ان مافیاز سے کیوں بلیک میل ہورہے ہیں، انہیں قوم کے سامنے رکھنا چاہیے ۔ آٹا چینی ، ڈرگ اور لینڈ مافیا عوام کی مجبوریوں سے کھیل رہا ہے مگر وزیراعظم بیانات سے آگے نہیں بڑھ رہے ۔ حکومت نے احتساب کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر 2 سال سے صرف مخالفین کا احتساب کر رہی ہے کسی وزیر مشیر کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا گیا ۔ جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے تھا وہ خود حکومت میں بیٹھے ہیں ۔ منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مودی پاکستان دشمنی میں اندھے ہوچکے ہیں ۔ 11 پاکستانی ہندوئوں کا بہیمانہ قتل معمولی واقعہ نہیں ۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے ۔ جماعت اسلامی ہندو برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ وزیراعظم اور وزرا گیس بحران کی خبریں دیتے ہیں اس بحران سے نمٹنے کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے اس حوالے سے کچھ نہیں بتا تے ۔ حیرت ہے کہ وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی مگر مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں نہیں سوچا ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں بدترین مہنگائی اور روپے کی بے قدری کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔ ملک میں معیشت کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے جس سے ملک کے مستقبل کے حوالے سے عام آدمی سخت مایوسی کا شکار ہے ۔ پاکستان پر اس وقت 43 ہزار ارب روپے سے زاید قرضہ ہے مگر حکومت اب بھی دھڑا دھڑ قرضے لے رہی ہے ۔ موجودہ حکومت نے ڈالر کو 168 روپے تک پہنچا دیا ہے ۔ پی ٹی آئی حکومت میں روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور اب تو نیپال ، بھوٹان ، بنگلا دیش اور سری لنکا کی کرنسی پاکستان سے زیادہ طاقتور ہوچکی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ واحد حکومت ہے جس نے عالمی وبا کورونا کے دوران ملنے والی اربوں روپے کی امداد ی رقم بھی ہڑپ کرلی ہے اور متاثرین کے ہاتھ کچھ نہیں آیا ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت ملکی معیشت کی شرح نمو 0.4 فیصد رہ گئی ہے ۔ حکومت کے 2 سال میں چینی 50 روپے سے 100 ر وپے اور آٹا 80 روپے فی کلو تک پہنچ گیاہے ۔ غریب کے لیے اپنے شیر خوار بچوں کے لیے دودھ خریدنا مشکل ہوچکاہے ۔ حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے 70 لاکھ سے زیادہ لوگوں سے روزگار چھین لیاہے ۔ ملک کا مزدور اور کسان دن رات حکومت سے نجات کے لیے دعائیں کر رہاہے ۔