ترکی میں 4 ہزار سال پرانی ٹیکسٹائل مل دریافت

803

ترکی:ماہرین آثار قدیمہ نے ترکی کے مغربی علاقے میں کھدائی کے دوران 4 ہزار سال پرانی ٹیکسٹائل مل دریافت کر لی ہے۔

غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ترکی کے مغربی علاقے میں کھدائی  میں ٹیکسٹائل لومز اور انڈسٹری میں استعمال ہونے والے اُس وقت کے آلات بھی ملے ہیں۔

آثار قدیمہ کی کھدائی ٹیم کے سربراہ اشرف ایبے کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال اس علاقے سے ٹیکسٹائل پروڈکشن کی مصنوعات ملی تھیں، جس کے بعد یہاں کھدائی کا کام تیز کیا گیا اور اب یہاں ایک گھر سے ٹیکسٹائل مل اور لومز ملی ہیں۔

اشرف ایبے نے کہا کہ یہ علاقہ پانچ ہزار سال قبل مسیح میں آباد ہوا تھا اور یہاں پیتل کے زمانے تک قریباً 40 ثقافتوں اور تہذیبوں کے آثار ملے چکے ہیں، یہاں ماہرین کو ہاتھ کی بنی ہینڈ لومز کے آلات بھی ملے ہیں۔

اشرف ایبے کے مطابق ترکی کے مغربی علاقے اناطولیہ میں ٹیکسٹائل کے پارٹس جو پہلے ملے تھے وہ قریباً 3600 سال پرانے تھے۔ انہوں نے کہا جو آثار اب تک دریافت ہوئے ہیں اس کے مطابق جس خاندان کا یہ گھر تھا وہ ایک خوشحال گھرانہ تھا کیونکہ گھر کے رقبے اور یہاں ملنے والے آلات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ خاندان مالی طور پر خاصا مستحکم تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس گھر میں 45 مربع میٹر کا ایک بڑا ہال کمرہ بھی ملا ہے، جو ورکشاپ کے طور پر استعمال ہوتا تھا، اس کے علاوہ بڑے اسٹور بھی ملے ہیں۔ یہاں سے کپڑے کی تیاری کے لئے بھاری بھرکم لومز اور کپڑوں پر پرنٹنگ کے مختلف آلات ملے ہیں۔

ماہرین آثار قدیمہ کو جو عمارت ملی ہے یہ مکمل طور پر آگ سے جھلس چکی ہے،ماہرین کے مطابق اس علاقے کے کھدائی سے یہ بات پتہ چلتی ہے کہ یہ علاقہ کپڑوں کی تیاری کا مرکز تھا۔

خیال رہے کہ اس علاقے میں ماہرین گذشتہ 12 سال سے کھدائی کر رہے ہیں اور اب ماہرین ٹیکسٹائل مل کے آثار دریافت کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔