آٹا، چینی، ڈرگ اور لینڈ مافیا عوام کے مجبوریوں سے کھیل رہا ہے، سراج الحق

490

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مودی پاکستان دشمنی میں اندھے ہوچکے ہیں، 11 پاکستانی ہندوﺅں کا بہیمانہ قتل معمولی واقعہ نہیں،عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے،جماعت اسلامی ہندو برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے،وزیراعظم اور وزراء گیس بحران کی خبریں دیتے ہیں اس بحران سے نپٹنے کےلیے حکومت کیا کر رہی ہے اس حوالے سے کچھ نہیں بتا تے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حیرت ہے کہ وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی مگر مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں نہیں سوچا،ملک میں بدترین مہنگائی اور روپے کی بے قدری کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں معشت کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے جس سے ملک کے مستقبل کے حوالے سے عام آدمی سخت مایوسی کا شکار ہے،پاکستان پر اس وقت 43 ہزار ارب روپے سے زائد قرضہ ہے،مگر حکومت اب بھی دھڑا دھڑ قرضے لے رہی ہے،موجودہ حکومت نے ڈالر کو 168 روپے تک پہنچا دیا ہے ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور اب تو نیپال، بھوٹان، بنگلا دیش اور سری لنکا کی کرنسی بھی پاکستان سے زیادہ طاقتور ہوچکی ہے،واحد حکومت ہےجس نے عالمی وبا کرونا کے دوران ملنے والی اربوں روپے کی امداد ی رقم بھی ہڑپ کرلی ہے اور متاثرین کے ہاتھ کچھ نہیں آیا ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملکی معیشت کی شرح نمو 0.4 فیصد رہ گئی ہے ۔ حکومت کے دو سالوں میں چینی پچاس روپے سے 100 روپے اور آٹا 80 روپے فی کلو تک پہنچ گیاہے،غریب کے لیے اپنے شیر خوار بچوں کے لیے دودھ خریدنا مشکل ہوچکاہے،حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے 70 لاکھ سے زیادہ لوگوں سے روزگار چھین لیاہے،ملک کا مزدور اور کسان دن رات حکومت سے نجات کے لیے دعائیں کر رہاہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے احتساب کے بلند و بانگ دعوے کیے تھے مگر دو سال سے صرف مخالفین کا احتساب کر رہی ہے کسی وزیر مشیر کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا گیا،جن لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے تھا وہ خود حکومت میں بیٹھے ہیں،وزیراعظم کہتے ہیں کہ ان کے گرد بڑے بڑے مافیاز کا گھیرا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ان مافیازسےکیوں بلیک میل ہورہے ہیں،انہیں قوم کے سامنے رکھنا چاہیے،آٹا،چینی، ڈرگ اور لینڈ مافیا عوام کے مجبوریوں سے کھیل رہاہے مگر وزیراعظم بیانات سے آگے نہیں بڑھ رہے ۔