ملائشیا: اپوزیشن لیڈر نے نئی حکومت تشکیل دینے کا عندیہ دے دیا

381

ملائشیا میں قائد حزب اختلاف انور ابرائیم نے اپنے ایک بیان میں دعوٰی کیا ہے کہ انہوں نے پارلیمنٹ سے بڑی تعداد میں اراکین کی اکثریت حاصل کرلی ہے اور جلد نئی حکومت تشکیل دیں گے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اپنی اہلیہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انور ابرائیم نے کہا کہ پالیمنٹ میں ان کے پاس ایک مضبوط اور طاقتور اکثریت ہے جس سے وہ نئی حکومت بنا سکتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ “مجھ سے کئی قانون سازوں نے رابطہ کیا ہے جو موجودہ وزیراعظم محی الدین یاسین کی حکومت سے تنگ ہیں”۔

انہوں نے کہا کہ “بڑی تعداد میں قانون سازوں کا مجھ سے رابطہ کرنے کا مطلب ہے کہ محی الدین یاسین کی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا”۔

میڈیا نمائندوں کے پوچھنے پر انور ابرائیم نے کہا کہ قانون سازوں کی تعداد چار، پانچ یا چھ میں نہیں بلکہ اس سے بھی زیادہ ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملائشیا کے بادشاہ اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، بادشاہ کے صحت یاب ہونے کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے اقدامات کریں گے۔

انور ابرائیم نے کہا کہ “یہ بیک ڈور حکومت نہیں ہوگی بلکہ اپنے اتحادیوں کو بھی بحال کرے گی جنہیں 2018 کے انتخابات میں منتخب کیا گیا اور پھر وزیر اعظم محی الدین یاسین اپنی جماعت کو اس سے الگ کر کے بدعنوان اپوزیشن جماعتوں مشتمل مرکزی حکومت مارچ میں بنائی”۔