جسٹس فائز عیسی کی اہلیہ کے حوالے سے حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

495

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سریناعیسیٰ کے ٹیکس معاملات کے حوالے سے حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی جو250سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ سریناعیسیٰ کے ٹیکس معاملات کے حوالے سے ایف بی آر نے حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی جس کے مطابق سریناعیسیٰ پر ساڑھے تین کروڑ روپے ٹیکس کا جرمانہ کیاگیا ہے اور اس حوالے سے سریناعیسیٰ کو ٹیکس کی ادائیگی کا نوٹس بھی بجھوادیا گیا ، ایف بی آر کی حتمی رپورٹ 250سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔

رپورٹ کے ساتھ 164صفحات کا کمشنر کا حکم نامہ بھی لگایا گیا ہے ، حتمی رپورٹ اور حکم نامہ کمشنرذوالفقار احمد نے تحریر کیاہے ۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سریناعیسیٰ کو چار شوکاز نوٹس بھی جاری کئے گئے لیکن وہ اپنا دفاع کرنے میں ناکام رہیں جبکہ سریناعیسیٰ کے دونوں بچوں پر کوئی ٹیکس جرمانہ نہیں کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ لندن کی تینوں جائیدادیں سریناعیسیٰ نے خود خریدیں ہیں جن کو خریدنے رقم کی ادائیگی ،شراکت داری کے حوالے سے سریناعیسیٰ اپنا موقف بدلتی رہیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سریناعیسیٰ کی جائیدادوں کی کل قیمت 10 کروڑ 46  لاکھ بنتی ہے جبکہ ان کے پاس جائز آمدنی صرف 2 کروڑ 30 لاکھ بنتی ہے۔ ایف بی آر سرینا عیسیٰ کے خلاف کارروائی کرنے سے پہلے سپریم کورٹ کے حکم کا انتظار کرے گا۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ سیل کر کے چیف جسٹس کے آفس میں جمع کرا دی گئی ہے ۔