حضرت بہاءالدین زکریا کا عرس، علمائے کرام و عقیدت مندوں کی شرکت

141

ملتان: برصغیر کے معروف صوفی بزرگ شیخ اسلام حضرت بہاالدین زکریا سہروردیؒ کا 781 واں عرس ملتان میں شروع ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی کے عرس کے پہلے روز کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے سجادہ نشین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت  غلط خبروں کے ذریعے پاکستان کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے پاکستان کے دشمن ہمیں نیچا دکھانے کے لیے نئی سازشیں کر رہے ہیں  مگر پاکستان کو محفوظ رکھنے کے لیے میڈیا اور دانشور اپنا کردار ادا کریں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس صورت حال میں ہمیں اتحاد بین المسلمین کا پرچار کرنا ہو گا اور ہمیں ایک دوسرے کے عقیدے کا احترام کرنا ہوگا۔

حضرت بہاء الدین زکریا ملتانیؒ کے 781وین عرس کی تقریبات مزار کے غسل اور دعا  سے شروع کی گئیں جبکہ پہلے روز زکریا کانفرنس میں ملک بھر سے علمائے کرام اور عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور سب نے ملک کی خوشحالی اور سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ  اللہ کی خصوصی برکتیں ان لوگوں پر ہیں جو عرس کے انتظامات اور زائرین میں لنگر (کھانے) تقسیم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔