اپوزیشن کا انتخابات میں دھاندلی کا شور صرف میڈیا کے لیے ہے: فواد چوہدری

505

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا انتخابات میں دھاندلی کا شور صرف میڈیا کے لیے ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 2013 کے انتخابات کے بعد دھاندلی کی شکایات 413 پیٹیشنز کے ذریعے کی گئیں، قومی اسمبلی کے 137 حلقوں میں دھاندلی ہوئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کے برعکس 2018 کے انتخابات میں صرف 90 حلقوں کی پیٹیشنز کی گئیں۔ ان 90 پیٹیشنز میں 45 الیکشن پیٹیشنز تحریک انصاف پاکستان نے فائل کیں، اپوزیشن کا دھاندلی کا شور صرف میڈیا کے لیے ہے۔

ایک اور ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے گزشتہ روز ضلع باجوڑ میں افغانستان سے سرحد پار فائرنگ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے سپاہی کو خراج تحسین پیش کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ چوبیس سال کے جوان صابر شاہ نے پاک-افغان بارڈر پر ڈیوٹی کے دوران شہادت دی۔ گولیاں سینوں پر روکنے والے یہ جوان ہمارا فخر ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سال 150 سے زیادہ شہادتیں ہو چکی ہیں۔ آزادی کی قدر کریں اس کے پیچھے کتنی ماؤں کے لال، کتنے سہاگ اور کتنے خاندان غموں کا اندوہ سہتے ہیں۔