کراچی میں ترقیاتی کام نعمت اللّٰہ خان نے کروائے، حافظ نعیم

537

کراچی :امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ سابق سٹی ناظم نعمت اللّٰہ خان نےشہر میں مثالی اور ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے۔

27ستمبر کو عظیم الشان ”حقوق کراچی مارچ“ کے سلسلے میں جے آئی یوتھ کے تحت سیمیناربعنوان “با اختیار شہری حکومت ناگزیر ”  کراچی پریس کلب میں  منعقد کیا گیا، جس سے حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مہاجرین جب کراچی آئے تو سید ابوالاعلٰی مودودی نے مہاجرین کی امداد کے لیے کیمپ بنوائے۔

امیر کراچی کا کہنا تھا کہ نعمت اللہ خان نےشہر میں پینے کے صاف پانی کے لیے کے تھری کا منصوبہ بنایا اور کے فور کا منصوبہ پیش کیا،نعمت اللہ خان کے بعد اب تک کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا گیا،ماس ٹرانزٹ بھی نعمت اللہ خان نے پیش کیا جسے بابر غوری اور فاروق ستار نے پروجیکٹ کو پورا نہیں ہونے دیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ شہر کراچی کو ہمیشہ سے طالع آزما قوتوں نے ترقی سے روکے رکھا،آج شہری پانی، بجلی، ٹرانسپورٹ ، سیوریج جیسے بے شمار مسائل سے دوچار ہے،شہر کا سب سے بڑا مسئلہ درست مردم شماری ہے، اگر شہر کی درست مردم شماری ہی نہ کی گئی ہو تو منصوبہ بندی کیسے کی جائے گی؟

انہوں نے مزید کہاکہ وڈیرے اور جاگیردار طاقت کے بل بوتے پر سندھ کے ہاری اور کسانوں کو غلام بنا کے رکھتے ہیں،صوبے میں وڈیروں کے ذریعے سے ہی نمائندگی حاصل کی جاتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ  ایم کیو ایم نے پہلے نواز شریف کے ساتھ مل کر اور اب پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر کوٹہ سسٹم کو غیر معینہ مدت تک لے بڑھادیا ہے۔

امیر کراچی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ  کراچی میں قائم تمام اداروں کو ایک سسٹم کے ماتحت کیا جائے۔