اینٹی کرپشن پنجاب کاقبضہ مافیا کے خلاف ایکشن، 5 ارب کی ریکوری

611

 لاہور: پاکپتن میں پنجاب اینٹی کرپشن کا  قبضہ مافیا کے خلاف  آپریشن، 496 کنال اراضی واگزار کروالی اور مزید کارروائیاں جاری۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق گزشتہ روز ڈائریکٹر جنرل  کی سرپرستی  میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن ہوا ، اس   آپریشن میں اینٹی کرپشن پنجاب نے  پاکپتن شہر سے 496 کنال زرعی زمین واگزار کرائی جس زمین کی مالیت 15 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اینٹی کرپشن پنجاب گوہر نفیس نے بتایاکہ واگزار زمین فیڈرل لینڈ کمیشن کی ملکیت ہے اور قبضہ گروپ کئی سال سے سرکاری زمین پر قابض تھے، جس پر اینٹی کرپشن نے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ایکشن لیا اور زمین واگزار کرائی۔

ڈی جی  کرپشن کا کہنا تھا  کہ رواں ماہ کے آغاز میں اینٹی کرپشن پنجاب نے ساہیوال، رحیم یار خان اور راجن پور میں مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے ڈیڑھ ارب سے زائد مالیت کی بھی تجارتی اراضی واگزار کروائی تھی۔

دوسری جانب   ساہیوال میں ڈیڑھ ارب کی 21 کنال تجارتی اراضی، ڈیرہ غازی خان میں 5 ہزار 400 کنال اراضی، راجن پور میں 33 کروڑ روپے سے زائد کی اراضی اور رحیم یار خان سے 322 کنال اور 12 مرلے زمین واگزار کروائی گئی ہے جبکہ اب تک  صوبے بھر میں اب تک 5 ارب 22 کروڑ روپے کی تاریخی ریکوری کی گئی ہے۔