پاکستان اسٹاک:67فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی

372

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو بھی مندی چھائی رہی , اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود برقرار رکھنے کے فیصلے اور اپوزیشن کی جانب سے اعلان کردہ احتجاجی تحریک کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے حصص فروخت کو ترجیح دی جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس کی42 ہزار کی نفسیاتی حدگرگئی اور انڈیکس 345.23پوائنٹس کی کمی سے41828.91 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ67.28فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو 60ا رب 54کر وڑ20 لاکھ روپے کو نقصان اٹھانا پڑا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم 1.69 فیصد زائد رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو ٹریڈنگ کا آغاز منفی زون میں ہوا اور شروع سے ہی حصص فروخت کا رجحان دیکھنے میں آیا جس کے باعث مارکیٹ میں مندی چھاگئی اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 41675پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں معمولی ریکوری آئی لیکن مندی پھر بھی غالب رہی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 345.23پوائنٹس کی کمی سے41828.91پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای 30 انڈیکس 193.23پوائنٹس کی کمی سے 17696.62 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 226.87پوائنٹس کی کمی سے29734.19پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔