ٹڈی دل اسپرے کے دوران محکمہ زراعت کے 6 ملازمین جاں بحق

293

 

کراچی(نمائندہ جسارت)وزیر زراعت سندھ اسماعیل راہو کا کہنا ہے کہ صوبے میں فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کے بعد مختلف علاقوں میں اسپرے مہم کے دوران محکمے کے 6 ملازمین زندگی کی بازی ہار گئے۔اپنے بیان میں اسماعیل راہو نے کہا کہ اسپرے مہم کے دوران یہ ملازمین بیہوش ہوگئے تھے جس پر انہیں اسپتال لے جایا گیا۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق ان میں سے 4 ملازمین میںاسپتال میں کورونا وائرس کی بھی تشخیص ہوئی جبکہ 2 کو دل کا دورہ پڑا۔اسماعیل راہو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو پیش کی گئی سمری میں انہوں نے زندگی کی بازی
ہارنے والوں کو ـ’’شہید‘‘ کا درجہ دینے، ان کے خاندانوں کی کفالت اور اولاد کو ملازمت دینے کی سفارش کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صوبائی حکومت سے اسپرے مہم میں حصہ لینے والے تمام ملازمین کو بونس دینے کی بھی درخواست کی ہے۔واضح رہے کہ حکومت سندھ نے گزشتہ سال فصلوں کو نقصان سے بچانے کے لیے ٹڈی دل کے خلاف مہم کا آغاز کیا تھا۔ٹڈی دل گزشتہ سال مارچ میں بلوچستان میں داخل ہوئی تھیں اور جون تک سندھ میں بھی حملہ کیا تھا۔