دشمن کے عزائم خاک میں ملانے کی مکمل صلاحیت ہے، آرمی چیف

195

راولپنڈی (صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کو درپیش خطرات سے آگاہ ہے ہم اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے اور ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز کامنہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار آرمی چیف نے جہلم کے قریب فیلڈفائرنگ رینج کے دوران کیا، ڈی جی آئی ایس پی کی ٹویٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جہلم کے قریب فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی ساختہ جدید ترین ٹینک وی ٹی 4 کے جنگی مہارت کا مشاہدہ کیا اورٹینک کی جنگی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کی طرف پوری طرح توجہ مرکوز ہے، پاکستان کی سلامتی،خود مختاری اور سالمیت کے خلاف کسی بھی خطرے کا مؤثرجواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اورآپریشنل تیاریوں کوسراہا، جدید جنگی چیلنجز سے متعلق جوانوں کی اعلیٰ تربیت کے معیار کو بھی سراہا۔ تر جمان پاک فوج کے مطابق وی ٹی فورکی پروٹیکشن اورفائرنگ کی صلاحیت کاکوئی ثانی نہیں۔ وی ٹی فورکاموزانہ کسی بھی جدیدترین ٹینک کیساتھ کیا جا سکتا ہے۔ وی ٹی 4 ٹینک کے اضافے سے آرمرڈکورکی صلاحیت میں اضافہ ہو گیا ہے، جدید ٹینکوں کی شمولیت سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت مضبوط ہوئی ہے۔