ن لیگ کے قائد بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، چودھری پرویز الٰہی

170

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ نواز شریف بانی متحدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کا انجام یاد رکھیں۔اپنے ایک وڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک فوج وطن کی سلامتی اور استحکام کی ضامن اور آئینی ادارہ ہے اور حکومت کے ساتھ جو تعاون ہوتا ہے وہ بھی آئینی ہے، نوازشریف اس آئینی عمل کی مخالفت کر کے آئین شکنی کے مرتکب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے دھاندلی کاحوالہ دیا لیکن اپنے لیے کی گئی دھاندلی بھول گئے،برطانیہ کے لیے بھی ایک مجرم کو طویل عرصے تک رکھنا مشکل ہوگیا۔ پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا رویہ قابل افسوس اور مذمت بھی، نواز شریف کا اپنی ہی فوج کے خلاف اعلان جنگ ملک دشمنی نہیں تو اورکیا ہے، بھارتی ذرائع ابلاغ نے نوازشریف کے فوج دشمن بیان پر شادیانے بجائے، ثابت ہوگیاکہ آج بھی نواز شریف بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو آج کشمیریوں کی بھی یاد آگئی،کنٹرول لائن پر بھارتی بمباری کے وقت نوازشریف مودی کیساتھ پگڑیاں بدل رہے تھے اور مودی کیگھر والوں کو ساڑھیاں بھجوا رہے تھے جب اس وقت پاک فوج کنٹرول لائن پر جانوں کے نذرانے پیش کر رہی تھی۔