جامعہ بلوچستان کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائینگے،درویش وند

273

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)ایران کے قونصل جنرل درویش وند نے کہا ہے کہ جامعہ بلوچستان کے ساتھ مختلف تعلیمی منصوبوں کو پروان چڑھایا گیا ہے، عنقریب باہمی سمجھوتوں کو یقینی بنایا جائے گا، ماہرین کے تبادلوں سمیت کانفرنسز و تربیتی پروگرامزمنعقد کیے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے ڈائریکٹر خانہ فرہنگ تقی زادہ کے ساتھ جامعہ بلوچستان کے دور ے اور وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمن سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر جامعہ کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر سعود تاج، سینئر اساتذہ اور افسران بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے کہاکہ جامعہ اپنے ہمسایا ممالک کے تعلیمی اداروں کے ساتھ بہتر تعلقات کو فروغ دے رہی ہے۔ مشترکہ طور پر اساتذہ، تعلیمی ماہرین، سائنسدانوں کے تبادلوں سمیت تعلیمی کانفرنسز منعقد کرنا نا گزیر ہے۔ ایرانی قونصل جنرل نے جامعہ کی تعلیمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دور جدید کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کا تعاون و اشتراک عمل انتہائی ضروری ہے۔ وفد نے شعبہ فارسی سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کیا ۔اس موقع پر تحائف کا تبادلہ کیاگیا۔