کمسن گھریلو ملازمہ ثناء کے لواحقین نے ملزمان کو معاف کردیا

164

لاہور ( آن لائن ) لاہور میں تشدد سے جاں بحق ہو نیوالی کمسن گھریلو ملازمہ ثناء کے لواحقین نے ملزمان کو معاف کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ عدالت ملزمان ڈاکٹر حمیرا اور اسکے شوہر کو مقدمے سے بری کر ے ۔ منگل کو لاہور کی سیشن کورٹ میں کمسن گھریلو ملازمہ ثناء قتل کیس کی سماعت میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ دوران سماعت مقتول بچی کے لواحقین نے عدالت میں بیان دیا ہے کہ ملزمان ڈاکٹر حمیرا اور اسکے شوہر کو ہم نے معاف کردیا ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج عمران شفیع نے مقتولہ کے لواحقین کے بیانات کو قلمبند کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا کی خاطر ملزمان کو معاف کیا۔ لہذا عدالت ملزمان ڈاکٹر حمیرا اور اسکے شوہر کو مقدمے سے بری کرے۔ یاد رہے کہ ملزمہ ڈاکٹر حمیرا اور اسکے شوہر کے خلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا تھا۔ دونوں ملزمان پر کمسن ملازمہ ثناء کو تشدد کرکے قتل کرنے کا الزام تھا۔ ان کی ضمانتیں پہلے ہی منظور ہوچکی ہیں۔