نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کیلئے 90 لاکھ روپے انعامی رقم مقرر

323

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) قومی ٹی ٹوئنٹی کپ 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہو گا جس میں ملک سے تعلق رکھنے والے محدود طرز کی کرکٹ کھیلنے والے بہترین کھلاڑی شریک ہونگے، ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020 کے اس ابتدائی ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر تقریباََ 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی۔ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ دوسری فائنلسٹ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی، ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو ایک، ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی،سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے جبکہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کے مین آف دی فائنل کو بطور انعام 35 ہزار روپے ملیں گے، ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سے حاصل ہونے والے پیسے کو واپس کرکٹرز کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کو ہی اپنا ہدف بنا رکھا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں پی سی بی پہلے ہی کھلاڑیوں کی کمائی کا ایک نیا اور پرکشش اسٹرکچر متعارف کرواچکا ہے اور اب کوویڈ19 کے دوران ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جانے والا یہ ایونٹ کھلاڑیوں کی آمدن کو دگنا کردے گا۔