سیکنڈ الیون، کھلاڑیوں اوراسٹاف کی کوویڈ ٹیسٹ رپورٹ منفی آگئی

261

لاہور (جسارت نیوز) پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سیکنڈ الیون میں شامل2 افرادکے علاوہ باقی تمام کھلاڑیوں او رسپورٹ اسٹاف کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔ان 2 افراد کے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے۔ اُدہر مسلسل 2 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی اورسپورٹ اسٹاف قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے لاہور میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں، جہاں انہیں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے۔21 ستمبر کو لیے گئے دوسرے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب کے سینڑل اسٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کے سیکنڈ الیون اسکواڈز آج پی سی ہوٹل لاہور پہنچ جائیں گے، جہاں وہ یکم اکتوبرسے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔اُد ہر سینٹرل پنجاب، خیبرپختونخوا، ناردرن اور سدرن پنجاب کے اسکواڈز پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہیں۔ دونوں ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سیکنڈ الیون اسکواڈز میں شامل کرکٹرز اور اسپورٹ اسٹاف اب آج سے قذافی اسٹیڈیم لاہور اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں اپنی ٹریننگ اور نیٹ پریکٹس کا آغازکردیں گے۔ سندھ سیکنڈ الیون ٹیم کے کپتان فواد عالم آج لاہور پہنچیں گے۔ دورہ انگلینڈ سے وطن واپس پہنچنے والے فواد عالم کے پہلے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ فواد عالم کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ کل لاہور میں ہوگا۔دوسری جانب، بلوچستان فرسٹ الیون ٹیم کے ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدر کے قرنطینہ کی مدت کل مکمل ہوجائے گی،جس کے بعد انہیں سفر کی اجازت ہوگی۔ اس دوران ان دونوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔