بینظیر قتل کیس: بری ہونیوالے ملزمان کے وارنٹ جاری

347

راولپنڈی (آن لائن) عدالت عالیہ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس صادق محمود خرم پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر تینوں اپیلوںکی سماعت کے دوران بری ہونے والے 2 ملزمان شیر زمان اور اعتزاز شاہ کے پیش نہ ہونے پروارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں جبکہ ضمانتی مچلکوں پر رہاہونے والے3 ملزمان رفاقت حسین ، حسنین گل اور عبد الرشیدتاحال کوعدالت میں پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے سٹی پولیس افسر راولپنڈی کونوٹس جاری کر کے طلب کرلیاہے اور ہدایت کی ہے کہ آئندہ تاریخ پر ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔ عدالت نے سماعت19اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پانچوں ملزمان کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیاہے۔مقدمے میں پیپلز پارٹی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے عدالت سے استدعا کی کہ بی بی قتل کیس کے نامزد مفرور ملزم سابق صدر پرویز مشرف کوبھی واپس لایا جائے اور موت کی سزا دی جائے جس پر عدالت نے قرار دیا کہ ابھی ملزمان کی حاضری کاعمل چل رہا ہے۔یاد رہے کہ 3 ملزمان رفاقت حسین ، حسنین گل اور عبد الرشیدتاحال ضمانتی مچلکے جمع نہ ہونے پر رہائی حاصل نہیں کرسکے ۔